مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، نئی رائے شماری کے نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ امریکی عوام کی بڑی تعداد ایران کے خلاف امریکی جنگی پالیسیوں کی مخالفت کر رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق رائٹرز اور ایپسوس کے مشترکہ سروے میں بتایا گیا ہے کہ ایران کے خلاف جنگ کے لیے امریکی عوام کی حمایت اس تنازع کے ابتدائی دنوں کے بعد اپنی کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ اس صورتحال نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مقبولیت میں مسلسل کمی کے رجحان کو بھی متاثر کیا ہے۔
چار روز تک کیے گئے اس سروے کے مطابق صرف 31 فیصد امریکی شہری ایران کے خلاف امریکی فوجی کارروائی کی حمایت کرتے ہیں۔
رائٹرز اور ایپسوس کے مارچ کے سروے میں ایران کے خلاف فوجی کارروائی کی حمایت 37 فیصد تھی، جبکہ رواں ماہ کے آغاز میں یہ شرح 34 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔
سروے کے مطابق عوامی حمایت میں کمی کی بڑی وجہ ریپبلکن جماعت کے حامیوں کی جنگی حمایت میں کمی ہے۔
اگرچہ تقریباً 69 فیصد ریپبلکن ووٹرز اب بھی ایران کے خلاف جنگ کی حمایت کرتے ہیں، تاہم مارچ میں یہ شرح 77 فیصد تھی۔
رائے شماری کے نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ امریکی عوام کی ایک بڑی تعداد طویل جنگ کے امکانات اور اس کے اثرات کے حوالے سے تشویش کا شکار ہے۔
آپ کا تبصرہ